کراچی: پاک فوج نے ایک متاثر کن قدم اٹھاتے ہوئے نایاب بیماری میں مبتلا نوجوان عثمان عقیل کو ایک دن کے لیے اعزازی فوجی افسر مقرر کر کے اس کا دیرینہ خواب پورا کر دیا۔
عثمان کو یہ اعزاز کور کمانڈر کراچی کی جانب سے دیا گیا۔عثمان، جو کیلسیفیلیکسس نامی ایک نایاب طبی کیفیت کا شکار ہیں، نے پاک فوج میں شامل ہونے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ اس خواہش کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں عثمان کو فوجی وردی پہنائی گئی اور کپتان کے عہدے کا بیج ان کی والدہ نے فخر کے ساتھ ان کے کندھوں پر سجایا۔
تقریب کے دوران عثمان کو فوجی ہتھیاروں سے متعلق معلومات دی گئیں، انہیں ہتھیاروں کو ہینڈل کرنے کی اجازت دی گئی اور فوجی کارروائیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ایک جذباتی لمحے میں عثمان نے کہاآج میرا پاک فوج میں شامل ہونے کا خواب پورا ہو گیا۔انہوں نے پاک فوج کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہاہماری افواج نے جس طرح بھارت کو شکست دی، اس کی کوئی مثال نہیں۔ ہر پاکستانی بچہ اپنے سپاہیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
یہ تقریب نہ صرف عثمان کے لیے یادگار رہی بلکہ اس نے ان تمام بچوں کے لیے امید کا پیغام دیا جو زندگی میں مشکلات اور بیماریوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ پاک فوج کی جانب سے بچوں کی خواہشات پوری کرنے کا یہ عمل اس کے انسانی اور ہمدردانہ چہرے کو نمایاں کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : باجوڑ میں کروڑوں کی لاگت سے تعمیر شدہ خواتین نرسنگ کالج دو دہائیوں سے غیر فعال، عمارت کھنڈرات میں تبدیل
پاک فوج نے بھارتی حملوں میں شہید ہونے والے معصوم بچوں کے اعزاز میں اپنے الفتح میزائل لانچ کو بھی ان کے نام سے منسوب کیا تھا، جس سے بچوں سے وابستگی اور ان کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔





