افواج پاکستان نے دشمن کی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا ،وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے آج سیالکوٹ کے پسرورکے اگلے علاقوں کا دورہ کیا تاکہ “آپریشن بنیان المرصوص” کے دوران افواج کی شاندار بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا جا سکے۔

آئی ایس پی آر کےمطابق نائب وزیر اعظم اوروزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، اور وزیر اطلاعات عطاء تارڑ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر اور چیف آف ایئر اسٹاف ایئر مارشل ظہیر احمد بابر سدھو بھی اس دورے میں موجود تھے۔

وزیر اعظم کو جنگ کی کارروائیوں اور کور کی موجودہ آپریشنل تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

انہوں نے افواج کی شاندار کارکردگی پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے قوم کے غیر متزلزل عزم کے ساتھ مادرِ وطن کا دفاع کیا اور دشمن کی بزدلانہ جارحیت کو فیصلہ کن جواب دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی کہ کس طرح چند گھنٹوں میں پاکستان کے محافظوں نے بھارت کی بلا اشتعال جارحیت کو بے مثال مہارت اور عزم کے ساتھ ناکام بنایا۔

محاذِ جنگ پر افسران اور جوانوں سے ملاقات کے دوران، وزیر اعظم نے ان کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور غیر متزلزل تیاری کو سراہا۔

شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان کو اپنے بہادر بیٹوں پر فخر ہے، یہ قوم کے تاج ہیں۔

وزیر اعظم نے بھارت کی جانب سے معصوم شہریوں، بشمول بچوں، خواتین اور بزرگوں پر حملوں کی شدید مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش کی تھی، جسے بھارت نے دانستہ طور پر نظرانداز کیا، کیونکہ ان کے پاس کوئی ثبوت نہیں تھا۔ جھوٹے بہانوں اور تکبر کے تحت بھارت نے جارحیت کا آغاز کیا، جس کا اسے بھرپور جواب ملا۔

یہ بھی پڑھیں:پشاور: سوڑیزئی میں گھر کے اندر دستی بم پھٹنے سے ایک شحص جاں بحق،3زخمی

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ہمارے شہداء ہمیشہ ہماری فخر کا باعث رہے ہیں اور قوم ان کی قربانیوں کی ہمیشہ مقروض رہے گی۔

Scroll to Top