پاک فضائیہ کو مسلم انسٹیٹیوٹ کا خراجِ تحسین، جے-10 سی طیارے کا انسانی ماڈل تیار

مسلم انسٹیٹیوٹ کی جانب سے بھارت کا غرور خاک میں ملانے والی پاک فضائیہ کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ دربار سلطان باہو پر منعقدہ ایک روح پرور تقریب میں وطن سے محبت اور افواجِ پاکستان کے لیے غیر معمولی جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا گیا۔

تقریب کے دوران بھارت کو شرمندہ کرنے والے پاکستانی جنگی طیارے جے-10 سی کا ہیومن ماڈل تیار کیا گیا، جس میں ہزاروں شرکاء نے مل کر خود کو “پاکستان زندہ باد” اور “شکریہ چین، ترکیہ، آذربائیجان” کے پیغامات میں سمویا۔ اس جذبۂ یکجہتی کو دنیا بھر میں پاکستان کے دوست ممالک کے ساتھ اظہارِ تشکر کے طور پر سراہا گیا۔

فضا پاکستان کا مطلب کیا؟ لا الہ الا اللہ کے نعروں سے گونجتی رہی، جبکہ چائنا، ترکیہ، آذربائیجان اور سعودی عرب سمیت تمام دوست ممالک کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور حمایت پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین مسلم انسٹیٹیوٹ، صاحبزادہ سلطان احمد علی نے کہا کہ یہ خراجِ تحسین صرف ہمارے غازیوں اور شہیدوں کے لیے نہیں بلکہ دشمن مودی حکومت کے لیے بھی ایک پیغام ہے کہ پاکستانی قوم دفاعِ وطن کے لیے سیسہ پلائی دیوار کی مانند متحد ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی بی جے پی حکومت نے اپنے انٹیلیجنس فیلیر کو چھپانے اور ووٹ بینک کو خوش کرنے کے لیے پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی، مگر اس میں نہ صرف رافیل کھوئے بلکہ کنوینشنل وار میں برتری کا دعویٰ بھی خاک میں مل گیا۔

یہ بھی پڑھیں : ہر پاکستانی سپاہی ہے، دشمن کو منہ توڑ جواب ملا، صدرِ پاکستان

صاحبزادہ سلطان احمد علی نے بھارت میں مساجد پر حملوں، معصوم شہریوں اور بچوں کی شہادت کو آر ایس ایس ذہنیت کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کو سب سے بڑا خطرہ آر ایس ایس، بی جے پی اور شیو سینا جیسے انتہا پسند عناصر سے ہے۔ جب تک یہ غنڈے اقتدار میں رہیں گے، پورا جنوبی ایشیا عدم استحکام کا شکار رہے گا۔

Scroll to Top