اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ایکنک) کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں 355.736 ارب روپے کی لاگت سے 9 بڑے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی جن میں خیبرپختونخوا میں دیہی سڑکوں کی بہتری اور کائٹ (KITE) منصوبے، سندھ میں سیلاب سے متاثرہ انفراسٹرکچر کی بحالی اور ابتدائی تعلیم کے کلاس رومز کی تبدیلی کے منصوبے شامل ہیں۔
ایکنک نے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں منگی ڈیم اور واٹر کنوینس سسٹم کی تعمیر، اسلام آباد اور برہان میں ٹرانسمیشن نظام کی بہتری اور 100 ڈیزل الیکٹرک لوکوموٹیوز کی مرمت جیسے اہم منصوبوں کی بھی منظوری دی۔
اس کے علاوہ اجلاس میں کسٹمز ڈیجیٹل انفورسمنٹ اسٹیشنز کے قیام کی اجازت دی گئی، جبکہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : پاک فضائیہ کو مسلم انسٹیٹیوٹ کا خراجِ تحسین، جے-10 سی طیارے کا انسانی ماڈل تیار
اجلاس کے دوران اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت پائیدار، جامع اور لچکدار ترقی کے وژن پر کاربند ہے اور ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔