حمد اللہ خان
ایبٹ آباد: کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ سے ڈائریکٹر جنرل گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) شاہ رخ علی نے ملاقات کی، جس میں گلیات کی ترقی، سیاحت کے فروغ اور انتظامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران شاہ رخ علی نے کمشنر کو جی ڈی اے کے جاری و مستقبل کے منصوبوں، انفراسٹرکچر کی بہتری، صفائی کے نظام اور قدرتی ماحول کے تحفظ سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے اور گلیات کو جدید سیاحتی مقام بنانے کے لیے متعدد منصوبے جاری ہیں۔
کمشنر ہزارہ نے جی ڈی اے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی ترجیح ہے کہ سیاحت کے فروغ سے مقامی معیشت کو بہتر بنایا جائے اور روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں : زاہد چن زیب کی زیرِ قیادت گلیات میں جدید مشینری کی خریداری اور تزئین و آرائش کا افتتاح
ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں دونوں افسران نے گلیات کو ماڈل سیاحتی مقام بنانے اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔