کوہستان میں 40 ارب کے کرپشن اسکینڈل پر نیب کا بڑا وار، سونا، ڈالر اور کروڑوں کی نقدی برآمد

کوہستان میں 40 ارب کے کرپشن اسکینڈل پر نیب کا بڑا وار، سونا، ڈالر اور کروڑوں کی نقدی برآمد

ذرائع کے مطابق یہ کارروائی ایک گرفتار کلرک کے انکشافات کے بعد عمل میں لائی گئی، جس نے دورانِ تفتیش کئی اہم راز فاش کیے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے مالیاتی اسکینڈل میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے بڑی پیش رفت کرتے ہوئے 40 ارب روپے کے کرپشن کیس میں ملوث ملزمان کے گھروں پر اہم چھاپے مارے ہیں۔

ارروائی کے دوران بارہ اہم ملزمان سے مجموعی طور پر 1 ارب 59 کروڑ روپے مالیت کی خطیر رقم برآمد کر لی گئی ہے، جس میں پاکستانی کرنسی، امریکی ڈالرز اور سونا شامل ہے۔

نجی ٹی وی چینل (آج) کے مطابق یہ کارروائی ایک گرفتار کلرک کے انکشافات کے بعد عمل میں لائی گئی، جس نے دورانِ تفتیش کئی اہم راز فاش کیے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ کرپشن مبینہ طور پر سی اینڈ ڈبلیو (کمیونیکیشن اینڈ ورکس) کے تعمیراتی منصوبوں میں کی گئی، جہاں فنڈز میں بے ضابطگیوں اور غیر قانونی ترسیلات کا انکشاف ہوا۔

نیب حکام کے مطابق ملزمان کے گھروں پر چھاپوں کے دوران بڑی مقدار میں کیش رقم، غیر ملکی کرنسی اور سونا برآمد کیا گیا، جسے ثبوت کے طور پر قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ مزید چھاپے اور گرفتاریاں متوقع ہیں کیونکہ تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے۔

حکام نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ سرکاری فنڈز میں خردبرد اور جعلی بلنگ کے ذریعے رقم نکلوائی گئی، جس میں کئی اعلیٰ سرکاری افسران اور ٹھیکیداروں کے ملوث ہونے کا شبہ ہے۔ نیب اس وقت مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کر رہا ہے تاکہ اس کرپشن نیٹ ورک کے تمام کرداروں کو بے نقاب کیا جا سکے۔

یہ اسکینڈل نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا مالیاتی اسکینڈل قرار دیا جا رہا ہے، اور عوامی حلقوں میں شدید تشویش کا باعث بن رہا ہے۔

Scroll to Top