سابق وفاقی وزیر اعظم سواتی نے کہا ہے کہ عمران خان کی رہائی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا، مودی ہٹلر سے بدتر ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سینیٹر اعظم سواتی نے کہا ہے کہ پارٹی کے بانی عمران خان کی قید پر وہ خاموش نہیں بیٹھ سکتے،ان کا کہنا تھا کہ جب تک عمران خان جیل میں ہیں، وہ چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم سواتی نے کہا’’ہمارا لیڈر جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہے، اور ملک کے تمام ادارے تباہ ہو چکے ہیں،عمران خان کی رہائی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔‘‘
اعظم سواتی نے گفتگو کے دوران خطے کی صورتحال پر بھی ردعمل دیا۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا’’مودی ہٹلر سے بھی بدتر حکمران ہے، جو نہ صرف اپنے ملک بلکہ پورے خطے کے امن کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔‘‘
انہوں نے چین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین نے دوستی کا حق ادا کیا ہے، اور مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا۔’’میں دل کی گہرائیوں سے چین کے صدر کو سلام پیش کرتا ہوں، جنہوں نے ثابت کیا کہ وہ پاکستان کے سچے دوست ہیں۔‘‘
اعظم سواتی نے کہا کہ وہ اور ان کی جماعت ہر قیمت پر عمران خان کے مؤقف کے ساتھ کھڑے ہیں اور سیاسی انتقام کے باوجود پیچھے ہٹنے والے نہیں۔’’یہ وقت جھکنے کا نہیں، بلکہ کھڑے ہو کر حق کی بات کرنے کا ہے۔‘‘





