یو اے ای کا امریکا میں 1.4 کھرب ڈالر کی سرمایہ کاری کا بڑا اعلان

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات نے آئندہ 10 برسوں کے دوران امریکہ میں 1.4 کھرب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا۔

یہ اعلان یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے دوران کیا۔شیخ محمد بن زاید کا کہنا تھا کہ یہ سرمایہ کاری ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور توانائی کے شعبوں میں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ یو اے ای کی شراکت داری نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے اور صدر ٹرمپ کی قیادت میں دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یو اے ای کے صدر کو عظیم جنگجو اور بصیرت رکھنے والا رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں اقوام مل کر دنیا میں امن و استحکام کے لیے کام کر رہی ہیں، اور یہ سرمایہ کاری دونوں ملکوں کے لیے خوش آئند ہے۔

ملاقات کے دوران یو اے ای نے صدر ٹرمپ کو اپنے سب سے اعلیٰ شہری اعزازآرڈر آف زاید سے بھی نوازا، جو ان کی خدمات اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ میں کردار کے اعتراف کے طور پر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : ابوظبی: اماراتی ریاستوں کو ملانے کیلئے ٹرین سروس منصوبہ

واضح رہے کہ امریکی صدر کا ابوظہبی کا دورہ ان کے خلیجی ریاستوں کے دورے کا آخری مرحلہ تھا، اس سے قبل وہ سعودی عرب اور قطر کی قیادت سے بھی ملاقاتیں کر چکے ہیں۔

Scroll to Top