معرکۂ حق آپریشن بنیان مرصوص میں دشمن کو منہ توڑ جواب دینے اور مادرِ وطن کا دفاع کرنے پر افواجِ پاکستان کو قوم بھر کی جانب سے خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے، اس تاریخی موقع پر شہید کیپٹن روح اللہ کے والد کے جذباتی تاثرات قوم کے حوصلے کو مزید بلند کر رہے ہیں۔
کیپٹن روح اللہ کے والد نے کہا معرکۂ حق پاکستان کی تاریخ کا وہ روشن باب ہے جسے رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا، افواجِ پاکستان نے اپنے عزم، حوصلے اور قربانی سے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دئیے۔
یومِ تشکر کے موقع پر انہوں نے کہا کہ آج جب پوری قوم یومِ تشکر منا رہی ہے پاکستان کا ہر فرد اللہ رب العزت کے حضور سجدہ ریز ہے کہ اس نے ہمیں کامیابی عطا فرمائی اور ہمیں ایک مضبوط اور بے خوف فوج عطا کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ افواجِ پاکستان نے ہمیشہ وطن عزیز کے دفاع کے لیے بے مثال قربانیاں دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔
شہید کے والد نے کہا کہ دشمن نے یہ سمجھا کہ ہماری فوج مغربی سرحد پر فتنے باز خوارج سے نبرد آزما ہے تو شاید وہ اپنے مذموم مقاصد حاصل کر لے گا، مگر وہ یہ بھول گیا کہ اسے مقابلہ ایک نڈر، باحوصلہ اور غیرتمند قوم اور افواج سے ہے۔
اپنے شہید بیٹے کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا بیٹے کو وطن پر قربان کرنا میرے لیے کوئی دکھ کا سودا نہیں بلکہ یہ میرے لیے فخر کا مقام ہے۔
یہ بھی پڑھیں: معرکہ حق میں بزدل دشمن بھارت کو دھول چٹانے پر ملک بھر میں آج یوم تشکر منایا جارہا ہے
انہوں مزید نے کہا اس مٹی کا ہر فرد سپاہی ہے شہادت کا متلاشی ہے یہی جذبہ ہے جو دشمن کے عزائم کو بار بار شکست دیتا ہے، انہوں نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا اگر وطن عزیز پر کبھی بھی کوئی آنچ آئی، تو میں اپنی پوری فیملی سمیت ہر قربانی کے لیے تیار ہوں۔





