شاہد جان
خیبر پختونخوا حکومت نے صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ میں 127آسامیاں تخلیق کرتے ہوئے پوزیشن کوڈز جاری کردیئے ہیں ،ان آسامیوں پر اب بھرتی کا عمل شروع کیاجائیگا ۔
صوبائی اسمبلی میں منظور شدہ آسامیوں کی تعداد 946ہوگئی ہے جو ملک کے کسی بھی صوبائی سیکرٹریٹ میں سب سے زیادہ ہے۔
معلومات تک رسائی قانون کے تحت حاصل کردہ دستاویز کے مطابق محکمہ خزانہ خیبر پختونخوا نے 127نئی آسامیوں کی تخلیق کے بعد پوزیشن کوڈز جاری کردئے ہیں، یہ آسامیاں صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ میں ہیں۔
ان اسامیوں میں سکیل 9کے جونیئر ریسرچ اسسٹنٹ اور جونیئر اکاؤنٹس اسسٹنٹ کی 5،5آسامیاں تخلیق کی گئی ہیں، جبکہ باقی 117آسامیاں درجہ چہارم کی ہیں جن میں سکیل چار وہیکل ایگزامنر کی دو، اکاؤنٹس ریکارڈ کیپر،ٹیلی فون آپریٹر، ریسرچ ریکارڈ کیپر، فوٹو سٹیٹ مشین آپریٹر، دفتری کی 5،5، سکیل چار کے جونیئر بک کیپر، جونیئر پروف ریڈر اور اسسٹنٹ الیکٹریشن کی 7،7جبکہ سکیل چار کے ڈرائیور کی 20آسامیاں کے کوڈز جاری کردیئے گئے ہیں۔
دستاویزات کے مطابق سکیل تین کے مالی اور فراش کی 7،7 نائب قاصدین اور ہیلپر کی 10، 10 جبکہ سینٹری اٹیڈنٹ کی 15آسامیاں تخلیق کردی گئی ہیں ۔
محکمہ خزانہ خیبر پختونخوا کے مطابق صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ میں تخلیق کردہ آسامیوں کی تعداد 946ہوگئی ہے جس میں صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق 805آسامیوں پر ملازمین بھرتی ہیں اور کام کررہے ہیں جبکہ باقی 141آسامیاں خالی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پشاور،رنگ روڈ پر میڈیسن کے گودام میں آگ بھڑک اٹھی،ریسکیو ٹیمیں آگ بجھانے میں مصروف
خیبر پختونخوا اسمبلی کے 145ممبران کیلئے 946آسامیوں کی تخلیق 6.5کی شرح بنتی ہے ،پنجاب میں 371ملازمین کیلئے اسمبلی سیکرٹریٹ میں 804آسامیاں جبکہ سندھ کے 168ممبران اسمبلی کیلئے 700آسامیوں پر ملازمین کام کررہے ہیں ۔





