چین سے تعلقات میں بڑی پیشرفت، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اہم بیان

امریکی صدر ٹرمپ نے غزہ کے بحران کو سنگین مسئلہ قرار دیدیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ کی صورتحال کو سنگین اور تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں انسانی بحران شدید ہوتا جا رہا ہے اور لوگ بھوک کا شکار ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس مسئلے کو جلد دیکھا جائے گا اور آئندہ ماہ تک غزہ سے متعلق مثبت پیش رفت متوقع ہے۔

صدر ٹرمپ نے یہ بات ابوظہبی میں امریکی کاروباری افراد سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے مختصر گفتگو کے دوران کہی۔ انہوں نے غزہ میں جاری قحط جیسے حالات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں واقعی بہت برے حالات ہیں، اور ہمیں اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کرنا ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کی حکومت نے یکم مارچ سے غزہ میں بین الاقوامی امدادی کارکنوں کو غذائی امداد کی ترسیل سے روک رکھا ہے، جس کے باعث وہاں شدید غذائی قلت پیدا ہو چکی ہے۔ اسرائیلی میڈیا نے بھی اس انسانی بحران کی تصدیق کی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ نے مشرقِ وسطیٰ کے اپنے حالیہ دورے کے دوران ابوظہبی میں اس معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے اشارہ دیا کہ امریکا آئندہ ماہ غزہ کے بحران سے متعلق کئی اچھی چیزیں کرنے جا رہا ہے، تاہم انہوں نے تفصیلات نہیں بتائیں۔

یہ بھی پڑھیں : ابوظبی: صدر ٹرمپ کا شیخ زاید مسجد کا دورہ، یو اے ای میں شاندار استقبال

صدر ٹرمپ مشرق وسطیٰ کا دورہ مکمل کرنے کے بعد ابوظہبی سے امریکہ واپس روانہ ہو چکے ہیں۔

 

Scroll to Top