پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے یومِ تشکر نائٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری فضائیہ کے بروقت اور مؤثر جواب نے دشمن کو جنگ بندی پر مجبور کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج ہم ان شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
گورنر کا کہنا تھا کہ جب دشمن نے جارحیت کی کوشش کی تو ہماری فضائیہ نے ایسا دندان شکن جواب دیا کہ نہ صرف دشمن کو پسپائی اختیار کرنا پڑی بلکہ ہمسایہ ممالک نے بھی کہا کہ جنگ بند ہونی چاہیے۔
ہندوستان کے تمام دوست چیختے رہے کہ اب جنگ بند کرو، جب ہم نے جواب دیا تو ان کو اندازہ ہوا کہ ہمارے پاس کتنی طاقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی عوام نے یومِ تشکر مناکر اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کیا اور دنیا کو پیغام دیا کہ پاکستانی قوم اپنے دفاع پر مکمل یقین رکھتی ہے۔
یہ بھی ہڑھیں ایبٹ آباد میں گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دفتر میں یومِ تشکر پر پرچم کشائی کی تقریب
فیصل کریم کنڈی نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ہم نے ایٹم بم عجائب گھر میں رکھنے کے لیے نہیں بنایا، اگر محبت اور جنگ میں سب جائز ہے تو دفاعِ وطن کے لیے ایٹمی صلاحیت کا استعمال بھی جائز ہے۔
تقریب کا اختتام قومی اتحاد، شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین اور پاکستان کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کے ساتھ کیا گیا۔





