نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کا مؤقف نہ صرف درست ثابت ہوا بلکہ دنیا نے بھی ہماری بات کو سچ مانا جو ہماری بڑی سفارتی کامیابی ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت اس بار اپنا بیانیہ دنیا کے سامنے پیش کرنے میں ناکام رہا، ہم نے جو کہا دنیا نے وہی سچ مانا اور آج پوری عالمی برادری اسی پر بات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کیے گئے جارحانہ اقدامات دنیا بھر کی نظروں میں آئے اور پاکستان نے سفارتی سطح پر اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں نبھائیں۔
نائب وزیراعظم کا کہنا ہے کہ حالیہ بحران کے دوران ان کا ساٹھ سے زائد ممالک سے براہ راست رابطہ ہوا جبکہ پاکستانی سفارتکاروں نے دنیا بھر میں سو سے زائد اہم رابطے کیے۔
پاکستان میں موجود غیر ملکی سفارتکاروں کو بھی مسلسل بریفنگ دی گئی تاکہ زمینی حقائق سے آگاہ رکھا جائے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے کسی ملک سے سیز فائر کی درخواست نہیں کی بلکہ عالمی برادری نے خود بھارت کے رویے پر تشویش ظاہر کی۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ بھارت مسلسل پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرتا رہا لیکن پاکستان نے دوٹوک انداز میں کہا کہ اگر ہم کچھ کریں گے تو دنیا کو اس کا پتہ خود چل جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت رافیل طیاروں کی ناقابلِ شکست ہونے کی بات کرتا رہا لیکن اللہ کے خاص کرم سے پاکستان کی جیت ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی جارحیت مودی سرکار کے لیے عالمی سطح پر رسوائی کا سبب بنی، رانا ثناءاللہ
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان پر الزام لگا کر بھارت نے چار میزائل داغے لیکن ہمارا واضح مؤقف ہے کہ ہم کبھی جارحیت کے قائل نہیں اور حملہ آور ہونے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔