شاہ محمود دل میں تکلیف پر ہسپتال منتقل ، حالت اب کیسی ہے ؟

شاہ محمود دل میں تکلیف پر ہسپتال منتقل ، حالت اب کیسی ہے ؟

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو دل میں تکلیف کے باعث لاہور کے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) منتقل کر دیا گیا ہے۔

ان کے وکیل رانا مدثر کے مطابق، شاہ محمود قریشی کو نمازِ فجر کے بعد سینے میں درد اور تکلیف محسوس ہوئی، جس پر جیل حکام نے فوری ردعمل دیتے ہوئے انہیں اسپتال منتقل کیا۔ اسپتال پہنچنے پر ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے ان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا۔

پی آئی سی ذرائع کے مطابق، ابتدائی طور پر ان کا بلڈ پریشر بلند تھا، تاہم اب وہ نارمل ہے۔ ان کی ای سی جی رپورٹ نارمل آئی ہے، جبکہ ٹروپ آئی، ایل ایف ٹی، آر ایف ٹی، سی بی سی سمیت دیگر اہم ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی کی حالت اس وقت مستحکم ہے اور وہ زیر نگرانی ہیں۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق، حتمی طبی رپورٹس موصول ہونے کے بعد ان کی ممکنہ ڈسچارج یا مزید علاج سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔ ان کی قانونی ٹیم بھی ان کی صحت کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔

واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی مختلف مقدمات کے باعث اس وقت جیل میں قید ہیں، اور طبیعت کی خرابی کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ انہیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنان کی جانب سے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے۔

Scroll to Top