آوارہ کتوں کے تدارک کیلئے ضلعی انتظامیہ ،محکمہ بلدیات ، ڈبلیو ایس ایس پی ، لائیو اسٹاک کو ہنگامی اقدامات کی ہدایت
تفصیلات کے مطابق شہر میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور سگ گزیدگی کے کیسز کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے آوارہ کتوں کے خلاف خصوصی آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل( ایکسپریس نیوز) کے مطابق، ضلعی انتظامیہ نے اس مسئلے کے فوری حل کے لیے متعلقہ اداروں کو ہنگامی اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ اس آپریشن میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ محکمہ بلدیات، ڈبلیو ایس ایس پی ، اور محکمہ لائیوسٹاک کی مشترکہ کارروائی شامل ہوگی۔
اس سلسلے میں پشاور کے مختلف بلدیاتی نمائندوں نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راؤ ہاشم سے ملاقات کی، جس میں یونیورسٹی ٹاؤن، شاہین ٹاؤن، ارباب روڈ اور دانش آباد کے چیئرمین حضرات بھی شریک تھے۔ اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ بلدیات ملک ارشد خان، ڈائریکٹر ویسٹ زون کامران امجد، ڈائریکٹر لائیوسٹاک پشاور اور دیگر تحصیل میونسپل افسران بھی موجود تھے۔
اجلاس کے دوران ڈائریکٹر لائیوسٹاک نے آوارہ کتوں کی افزائشِ نسل کی روک تھام پر تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ ادارہ محدود وسائل کے باوجود اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے ہے۔ تمام شرکاء نے اتفاق کیا کہ شہر میں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے فوری کارروائی ضروری ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن مرحلہ وار کیا جائے گا اور اس میں شہریوں کی شکایات اور ترجیحات کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔ حکام کے مطابق، عوامی تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے گی اور آئندہ چند روز میں عملی اقدامات کا آغاز کر دیا جائے گا۔





