پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ملٹری آپریشنز کے درمیان آج پھر رابطہ ہوگا

پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ملٹری آپریشنز کے درمیان آج پھر رابطہ ہوگا

پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم اوز) کے درمیان آج ایک بار پھر رابطہ ہوگا، جس کا مقصد سرحدی کشیدگی میں کمی اور جنگ بندی کی کوششوں کو آگے بڑھانا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ایک نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں انکشاف کیا کہ حکومت پاکستان بھارت کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے اور مذاکرات کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جمعرات کے روز ہونے والی ڈی جی ایم اوز کی گفتگو میں جنگ بندی میں اتوار تک توسیع پر اتفاق ہوا تھا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں ممالک کے ڈی جی ایم اوز کے درمیان اب تک کئی مرحلوں پر بات چیت ہو چکی ہے، اور آج ہونے والا رابطہ ان مذاکرات کا ایک اور اہم قدم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’ہم چاہتے ہیں کہ معاملات افہام و تفہیم سے حل ہوں اور خطے میں پائیدار امن قائم ہو۔‘‘

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان خطے میں استحکام اور پرامن تعلقات کا خواہاں ہے، اور اگر بھارت بھی اسی سنجیدگی کا مظاہرہ کرے تو بامقصد مذاکرات کا راستہ ہموار ہو سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق، آج ہونے والے رابطے میں ممکنہ طور پر جنگ بندی کی مدت میں مزید توسیع، فلیگ میٹنگز اور دیگر اعتماد سازی کے اقدامات پر بات چیت متوقع ہے۔

Scroll to Top