جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی خدشات کے باعث ضلعی انتظامیہ نے ایک بار پھر کرفیو نافذ کر دیا ہے، جو اتوار کی صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک مؤثر رہے گا۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کرفیو کے دوران عوام کی نقل و حرکت محدود رہے گی، جبکہ مکین سے رزمک تک مرکزی شاہراہ مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق شہریوں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کرفیو کے دوران مکین تا رزمک سفر سے گریز کریں اور متبادل راستوں کا استعمال کریں۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر یہ اقدام احتیاطی تدبیر کے طور پر اٹھایا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔
ضلعی حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیرضروری نقل و حرکت سے اجتناب کریں اور سکیورٹی اداروں سے تعاون کرتے ہوئے امن و امان قائم رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان میں حالیہ دنوں میں سکیورٹی صورتحال کشیدہ ہونے کے باعث حکام ہائی الرٹ پر ہیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔