کوئٹہ: بھارت اور کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے درمیان مبینہ گٹھ جوڑ ایک بار پھر بے نقاب ہو گیا، جب جعفرآباد میں پیش آنے والے حالیہ ٹرین حادثے کی ایک ان دیکھی ویڈیو ایک بھارتی یوٹیوب چینل پر جاری کر دی گئی۔
اس حملے کی ذمہ داری بی ایل اے نے قبول کی ہے، جو پاکستان میں ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ایک کالعدم تنظیم ہے۔ بی ایل اے کو وسیع پیمانے پر بھارتی خفیہ ایجنسی “را” کے ایک پراکسی گروپ کے طور پر دیکھا جاتا ہے، جو بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
بی ایل اے ماضی میں بھی متعدد مہلک کارروائیوں، بشمول بم دھماکوں، ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان، اور انفراسٹرکچر پر حملوں میں ملوث رہی ہے۔
تنظیم کے کارندے مختلف مواقع پر علمائے کرام، سرکاری ملازمین اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنا چکے ہیں، جن کی ملک و بیرون ملک شدید مذمت کی گئی۔
سیکیورٹی تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ بھارتی یوٹیوب چینل کی جانب سے ایسی ویڈیوز کا اجرا ایک منظم ہائبرڈ وار فیئر کا حصہ ہے، جس کے ذریعے پاکستان میں غلط معلومات پھیلانے، دہشت گرد بیانیے کو فروغ دینے اور علیحدگی پسند جذبات کو ہوا دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں بھارتی اقدامات ہماری توجہ کالعدم تنظمیوں سے ہٹا سکتے ہیں،وزیراعظم شہباز شریف