اسلام آباد: پی ٹی آئی کے سینئر رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے فلور پر وزیراعظم نے ڈائیلاگ کی دعوت دی تھی، لیکن اس بات کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی کی اجازت سے مشروط ہے۔
ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ بیرسٹر گوہر نے وزیراعظم کی ڈائیلاگ کی دعوت کو بانی پی ٹی آئی کی اجازت سے مشروط کیا تھا۔انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی اجازت دیں گے تو بات آگے بڑھے گی۔
علی محمد خان نے اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کے حوالے سے پارلیمنٹری پارٹی میں کوئی بات چیت نہ ہونے کی وضاحت بھی دی۔
انہوں نے کہا کہ اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کے حوالے سے میڈیا میں چلنے والی خبریں بے بنیاد ہیں، اور اس پر پارلیمنٹری پارٹی میں کوئی تبادلہ خیال نہیں کیا گیا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کبھی بھی مذاکرات سے انکار نہیں کیا اور پارٹی مشکل وقت میں ہمیشہ ملک کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ اس جنگ نے ہمیں اکٹھا کیا ہے، اور قومی مفاہمت کی ایک فضا بن گئی ہے، جسے ضائع نہیں ہونے دینا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے پاکستان کے مفاد میں حکومت اور پاک فوج کو مکمل حمایت فراہم کی ہے۔