قومی اسمبلی میں عدم اعتماد کی تحریک کا جواز موجود ہے، سلمان اکرم راجہ

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ موجودہ سیاسی حالات میں قومی اسمبلی میں عدم اعتماد کی تحریک لانے کا مکمل جواز موجود ہے۔

نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ملک میں آئین و قانون کی صورتحال، جمہوری عمل اور بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں میں رکاوٹوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات نہ ہونے دینا صرف ہماری نہیں بلکہ پوری قوم کا امتحان ہے۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے ایک ہفتے کے دوران کسی کی بھی ملاقات نہیں ہو سکی، اور ملاقات کے لیے ان افراد کو بھیجا جاتا ہے جن کے نام ملاقات کی فہرست میں شامل نہیں ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت پورا نظام زمین بوس ہو چکا ہے، آئین اور قانون کی حکمرانی نظر نہیں آتی، اور جو کچھ ہو رہا ہے وہ آئینی نظام کے ساتھ مذاق کے مترادف ہے۔

سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ سائل کا یہ بنیادی حق ہے کہ وہ اپنے وکیل سے ملاقات کرے۔ اگر کوئی جماعت جمہوریت کا ساتھ دیتی ہے تو اس سے بات چیت ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج طلب کر لیا

ان کا کہنا تھا کہ قیادت اور بانی پی ٹی آئی کی فیملی کے درمیان کوئی اختلاف نہیں، سب یکسو ہیں۔

Scroll to Top