پاکستان بھارت کے خلاف بیک وقت چار محاذوں پر جنگ لڑ رہا ہے، خرم دستگیر

اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خرم دستگیر نے کہا ہے کہ پاکستان کو اس وقت بھارت کے خلاف بیک وقت چار محاذوں پر جنگ کا سامنا ہے، جن میں فوجی، سفارتی، بین الاقوامی قوانین اور ابلاغ کا میدان شامل ہیں۔

نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی جانب سے قائم کردہ خصوصی کمیٹی کا مینڈیٹ واضح ہے، اور ماہرین پر مشتمل وفد جلد عالمی برادری کے سامنے پاکستان کا مؤقف پیش کرے گا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت دہشتگردی کی پشت پناہی، پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔

خرم دستگیر نے کہا کہ اگر اس معاملے پر وسیع تر پارلیمانی مشاورت کی گئی تو تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو بھی اس عمل میں شامل کیا جا سکتا ہے، تاہم سوال اٹھایا کہ کیا ایک اہم قومی معرکے کی خاطر پی ٹی آئی کی تین سالہ افواج مخالف مہم کو نظرانداز کیا جا سکتا ہے؟

یہ بھی پڑھیں کم عمری کی شادی پر پابندی کا بل واپس نہ لیا گیا تو سڑکوں پر آئیں گے، مولانا فضل الرحمان

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن قومی مفادات کو ہر حال میں ترجیح دینا ہوگی۔ خرم دستگیر نے زور دیا کہ پاکستان کو بھارت کی بدمعاشانہ پالیسیوں کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنا ہے، اور وفد کی واپسی پر پارلیمان کو تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔

Scroll to Top