وزیراعظم اور فیلڈمارشل کا دورہ کوئٹہ، خودکش حملے میں زخمی بچوں کی عیادت کی

وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کوئٹہ کا دورہ کیا اور خضدار میں اسکول بس پر ہونے والے خودکش حملے میں زخمی ہونے والے بچوں کی عیادت کی۔

 وزیر دفاع خواجہ آصف،وزیر داخلہ محسن نقوی،وزیر اطلاعات عطاء تارڑ اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی بھی ان ہمراہ تھے۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اورفیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے بچوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے  زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ حملے میں زخمی آٹھ بچوں کی حالت تشویشناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی پراکسیز کے ذریعے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی مذموم کوشش ناکام ہوگی، پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بلوچ و پشتون عوام نے دہشتگردی کو مسترد کر دیا ہے، دہشتگردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑنے کا وقت آ گیا ہے، دہشتگردوں کو جلد انجام تک پہنچایا جائے گا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بچوں پر حملہ بھارتی سرپرستی میں کیا گیا، بھارت کی ریاستی پالیسی کے تحت پراکسیز کا استعمال قابل مذمت ہے۔

اس موقع پر موجود وفاقی وزرا نے کہا کہ بھارت خطے میں عدم استحکام کا مرکز بن چکا ہے، اور اس کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔

وفاقی وزرا نے کہا کہ دہشتگردی کے سہولت کاروں اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

کور کمانڈر بلوچستان نے وفد کو بزدلانہ حملہ بارے مفصل بریفنگ دی۔

وزیراعظم اور فیلڈمارشل کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ بھارت سرکار کی حمایت یافتہ دہشت گردوں نے بزدلانہ حملہ کیا جس میں 3 معصوم طلبا اور 2 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ دہشت گرد حملے میں 39 بچوں سمیت 53 افراد زخمی ہوئے جن میں سے 8 کی حالت تشویشناک ہے۔

Scroll to Top