پاکستانی کوہ پیمائی کی تاریخ کا نیا باب، نائلہ کیانی نے کنچن جنگا سر کر لی

پاکستانی کوہ پیمائی کی تاریخ کا نیا باب، نائلہ کیانی نے کنچن جنگا سر کر لی

پاکستانی خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی نے دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی 8,586 میٹر بلند کنچن جنگا، سر کر لی ہے۔

اس عظیم کامیابی کے ساتھ نائلہ کیانی آٹھ ہزار میٹر سے بلند 12 چوٹیاں سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما بن گئی ہیں جو پاکستانی کوہ پیمائی کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ہے۔

نائلہ کیانی اس سے قبل دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ، پاکستان کی بلند ترین چوٹی کے ٹو، نانگا پربت، براڈ پیک اور اناپورنا سمیت کئی خطرناک اور بلند چوٹیاں کامیابی سے سر کر چکی ہیں۔

الپائن کلب آف پاکستان نے نائلہ کیانی کی اس شاندار کامیابی پر انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے اور ان کی ہمت، عزم اور جذبے کو پاکستان کے لیے فخر قرار دیا ہے۔

نائلہ کیانی کی یہ کامیابی نہ صرف خواتین کے لیے ایک مثال ہے بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تاثر کو اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

Scroll to Top