امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے پریس کانفرنس کے دوران ایک بھارتی صحافی کی جانب سے پاکستان مخالف الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دیرینہ مسائل کی موجودگی خطے میں دہشت گردی کی ایک بڑی وجہ ہے۔
پریس بریفنگ کے دوران بھارتی صحافی نے سوال کی بجائے پاکستان پر الزامات کی بوچھاڑ شروع کر دی جس پر ٹیمی بروس نے اسے بیچ میں روکتے ہوئے وضاحت کی کہ اس وقت پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی قائم ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک حالیہ برسوں میں مکمل جنگ کے قریب پہنچ چکے تھے لیکن امریکا کی سفارتی کوششوں سے ایک بڑی جنگ ٹل گئی جو خوش آئند امر ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ دنیا نے ایک بار پھر محسوس کیا ہے کہ جنوبی ایشیا کے یہ دیرینہ مسائل تاحال حل طلب ہیں لیکن موجودہ جنگ بندی نے ان مسائل کے طویل مدتی حل کی امیدیں دوبارہ زندہ کر دی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل سے بڑا عہدہ ہوتا تو سپہ سالار کے لیے تجویز کرتا،انوارالحق کاکڑ
ٹیمی بروس نے اس بات کو خوش آئند قرار دیا کہ دیگر خطوں کے برعکس یہاں فریقین نے جنگ بندی کے عہد کی پاسداری کی ہے۔
پریس کانفرنس کے اختتام پر ٹیمی بروس نے زور دیا کہ امریکا خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا تاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پائیدار حل ممکن بنایا جا سکے۔