پاکستان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے راجستھان میں دئیے گئے اشتعال انگیز اور بے بنیاد الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں غیر ذمہ دارانہ قرار دیا ہے۔
دفتر خارجہ نے اپنے شدید ردعمل میں کہا ہے کہ بھارتی قیادت کے اس قسم کے بیانات نہ صرف خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں بلکہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی بھی صریح خلاف ورزی ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کے ریمارکس کا مقصد صرف سیاسی فائدہ اٹھانا اور خطے میں کشیدگی کو ہوا دینا ہے،پاکستان کو دہشت گردی سے جوڑنے کی بھارتی کوششیں گمراہ کن بے بنیاد اور ناقابل قبول ہیں،
ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف عالمی برادری کی کوششوں میں ایک فعال اور مستقل شراکت دار ہے جبکہ بھارت اپنی اندرونی ناکامیوں اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔
دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد کو بھارتی بیانات یا دھمکیوں سے دبایا نہیں جا سکتا پاکستان امن کا خواہاں ضرور ہے لیکن اپنے دفاع کے لیے ہر ممکن تیاری رکھتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے کسی بھی قسم کی مہم جوئی یا جارحیت کی کوشش کی تو پاکستان اس کا منہ توڑ جواب دے گا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا سعودی ہم منصب سے رابطہ، دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر اتفاق
دفتر خارجہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارتی قیادت کے جنگی جنون، نفرت انگیز بیانیے اور اشتعال انگیزی کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور جنوبی ایشیا میں امن کو یقینی بنانے کے لیے کردار ادا کرے۔