ایرانی صدر کی دعوت پر وزیر اعظم شہباز شریف کا دورہ ایران، تیاریاں آخری مراحل میں داخل

ایرانی صدر کی دعوت پر وزیر اعظم شہباز شریف کا دورہ ایران، تیاریاں آخری مراحل میں داخل

وزیر اعظم شہباز شریف آئندہ ہفتے ایرانی صدر مسعود پزیشکیان کی دعوت پر تہران کا دورہ کریں گے جس کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ایران جائے گا جہاں وہ ایرانی صدر کے علاوہ ایران کے سپریم رہنما آیت اللہ سید علی خامنہ ای سے بھی ملاقات کریں گے۔

دورے کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف ایرانی قیادت کو حالیہ پاک بھارت کشیدگی اور اس کے بعد کی صورتحال پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے،  ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران مصالحانہ کوششوں پر شکریہ بھی ادا کریں گے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون، تجارتی تعلقات، سیکیورٹی، سرحدی انتظام، اور علاقائی و عالمی امن و سلامتی جیسے اہم موضوعات زیر غور آئیں گے۔

ایرانی قیادت وزیر اعظم کو امریکا اور ایران کے درمیان جاری جوہری مذاکرات پر بھی اعتماد میں لے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے بھارتی وزیراعظم کے اشتعال انگیز الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف آئندہ ہفتے ترکیہ اور آذربائیجان کا دورہ بھی کریں گے جہاں وہ دونوں ممالک کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران حمایت پر ان کا شکریہ ادا کریں گے۔

Scroll to Top