وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لیے بڑا اقدام، تحصیل آلائی کو ضلع کا درجہ دے کر عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کر دیا
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت ہزارہ ڈویژن کے منتخب عوامی نمائندوں کا ہم اجلاس ہوا جس میں سپیکر صوبائی اسمبلی، ہزارہ ڈویژن کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور ڈویژنل انتظامیہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں ہزارہ ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی جائزہ لیا گیا اور آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کی تیاری کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔
وزیر اعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلع بٹگرام کی پسماندہ تحصیل آلائی کے لیے اہم اقدام کا اعلان کیا، انہوں نے تحصیل آلائی کو ضلع کا درجہ دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ علاقہ طویل عرصے سے نظرانداز کیا جاتا رہا ہے اور یہاں کے عوام کا یہ دیرینہ مطالبہ تھا۔
منتخب عوامی نمائندوں نے وزیر اعلیٰ کے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ آلائی کو ضلع بنانا علاقے کے عوام کے مسائل کے حل اور ترقی کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا، ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ وقت کی اشد ضرورت تھا اور اس پر مقامی عوام وزیر اعلیٰ کے بے حد مشکور ہیں۔
وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے تحصیل آلائی کو ضلع بنانے کا اعلان کیا تھا جسے عملی جامہ پہنانا ضروری تھا۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں انسداد پولیو مہم کا آغاز، 70 لاکھ بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر
انہوں نے واضح کیا کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور بانی چیئرمین کے وژن کے مطابق اس پر بھرپور عملدرآمد جاری ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں آلائی کو ضلع بنانے کے لیے درکار فنڈز مختص کیے جائیں تاکہ جلد از جلد اس فیصلے پر عملدرآمد ممکن ہو سکے۔