بھارت خطے میں امن کو سبوتاژکررہاہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

فتنہ الہندوستان خضدار میں بچوں کی شہادتوں میں ملوث ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر کی سیکرٹری داخلہ کے ہمراہ نیوز کانفرنس

ڈی جی آئی ایس پی آر لیٖفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری اور سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا نے مشترکہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بھارت کو خطے کے امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ قرار دیا۔

ترجمان پاک فوج نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ فتنۂ ہندوستان خضدار میں بچوں کی شہادتوں سمیت متعدد دہشتگرد کارروائیوں میں براہ راست ملوث ہے، یہ حملہ صرف سکول بس پر نہیں بلکہ پاکستان کی اقدار پر حملہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ 21 مئی کو خضدار میں ہونے والے واقعے میں بھارتی پشت پناہی میں دہشتگردوں نے سکول کے معصوم بچوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 6 بچے شہید اور متعدد زخمی ہوئے،متعدد بچے اب بھی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ بھارت گزشتہ دو دہائیوں سے ریاستی دہشتگردی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، مکتی باہنی کی تشکیل اور سقوطِ ڈھاکہ بھارت کی مداخلت کی تاریخی مثالیں ہیں،

 ترجمان پاک فوج نے کہا کہ 2009 اور 2016 میں بھارتی دہشتگردی کے ڈوزیئرز اقوام متحدہ میں پیش کیے گئے، کلبھوشن یادیو نے اپنے اعترافی بیان میں بھارت کی مداخلت کے تمام راز افشا کیے، مختلف گرفتار دہشتگردوں نے بھارتی مالی اور تکنیکی پشت پناہی کا اعتراف کیا ہے

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت دنیا کا سب سے بڑا دہشتگرد ملک ہے جو پراکسیز کے ذریعے بلوچستان میں قتل و غارت کا بازار گرم کیے ہوئے ہے۔

12 اپریل 2024 سے 10 فروری 2025 تک بلوچستان میں دہشتگردی کے مختلف واقعات میں مزدوروں، درزیوں، اور حجاموں سمیت 60 سے زائد معصوم پاکستانیوں کو شہید کیا گیا، جن میں دکی، کیچ اور خضدار جیسے علاقے شامل ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ ہے بھارت کا اصل دہشتگرد چہرہ جو معصوم بچوں، مزدوروں اور نہتے شہریوں کو نشانہ بنا کر اپنی شکست کا بدلہ لے رہا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان نے پہلگام واقعے سمیت ہر فورم پر بھارت سے ثبوت مانگے لیکن اب تک کوئی قابلِ اعتبار شواہد نہیں دیے گئے۔

ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودرھی نے بھارتی فوجی میجر سندیپ کی ایک آڈیو بھی میڈیا کو سنائی جس میں پاکستان میں دہشتگردی کے لیے مالی معاونت کی تفصیل دی گئی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان نے میڈیا کو ان تمام مقامات کا دورہ کرایا جن پر بھارت نے الزامات عائد کیے، مگر بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں اور بے بنیاد الزامات کا سلسلہ جاری ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ سرحد پار کرنے کی کوشش پر 71 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا جبکہ بھارت دہشتگردوں کو جدید اسلحہ اور مالی مدد فراہم کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خضدار، سکول بس پر دہشتگرد حملے میں زخمی طالبہ ملائکہ دم توڑ گئی، شہدا کی تعداد 6 ہو گئی

سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا نے کہا کہ خضدار حملے کے تمام شواہد بھارتی مداخلت کی تصدیق کرتے ہیں، انہوں نے کہا ریاست ان مظلوم خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشتگردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، یہ حملے پاکستان کے عزم اور اتحاد کو کمزور نہیں کر سکتے۔

Scroll to Top