فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاکستان کرپٹو کونسل کے سی ای او بلال بن ثاقب کی جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات ہوئی جس میں ڈیجیٹل معیشت کے استحکام اور نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجیز سے بااختیار بنانے پر تبادلہ خیال ہوا۔
بلال بن ثاقب نے فیلڈ مارشل کو پاکستان کرپٹو کونسل کی کامیابیوں اور مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کیا جن میں ورلڈ لبرٹی فنانشل اور بائننس کے بانی چانگ پینگ ژاؤ کے وفد کا دورہ پاکستان، بین الاقوامی شراکت داری، اور نوجوانوں کی کرپٹو شعبے میں تربیت شامل ہے۔
بلال بن ثاقب نے کہا کہ وزارتِ خزانہ نے پاکستان ڈیجیٹل اثاثہ اتھارٹی کے قیام کا اعلان کیا ہے جو 300 ارب ڈالر کی غیر رسمی کرپٹو مارکیٹ کو ریگولیٹ کرے گی، اس اقدام سے بٹ کوائن مائننگ کے ذریعے معیشت کو فائدہ پہنچانے کا ہدف ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے مطابق پاکستان کو بلاک چین اور ڈیجیٹل فنانس میں علاقائی لیڈر بنانے کا عزم ہے۔ ملک میں 5 کروڑ سے زائد کرپٹو صارفین موجود ہیں جن کی سالانہ ٹریڈنگ ویلیو 300 ارب ڈالر سے تجاوز کرچکی ہے، پاکستان کرپٹو اپنانے والے سرفہرست پانچ ممالک میں شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فتنہ الہندوستان خضدار میں بچوں کی شہادتوں میں ملوث ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر کی سیکرٹری داخلہ کے ہمراہ نیوز کانفرنس
ملک کی 70 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر ہے، جو ڈیجیٹل شعبے کے لیے اہم اثاثہ ہے۔ پاکستان دنیا کی تیسری بڑی فری لانس مارکیٹ ہے، جہاں ہر سال 50 ہزار سے زائد آئی ٹی گریجویٹس تیار ہوتے ہیں۔
بلال بن ثاقب رواں سال لاس ویگاس میں ہونے والی بٹ کوائن 2025 کانفرنس میں شرکت کریں گے جہاں وہ عالمی رہنماؤں سے ملاقات کر کے پاکستان کے ڈیجیٹل وژن پر گفتگو کریں گے۔