خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آج رات سے بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ ان علاقوں میں چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مالاکنڈ، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، وزیرستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بنوں، کرک اور کوہاٹ شامل ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے اس صورتحال کے پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے پیشگی نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
پی ڈی ایم نے ہدایت دی ہے کہ مشینری اور دیگر وسائل کی دستیابی یقینی بنائی جائے تاکہ ممکنہ ہنگامی حالات میں فوری ردعمل ممکن ہو۔عوام کو بارش کے دوران بجلی کی ننگی تاروں، خستہ حال عمارتوں، سائن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے، جبکہ کسانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسمی پیشگوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے معمولات ترتیب دیں۔
حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو مقامی زبانوں میں پیغامات کے ذریعے عوام تک معلومات پہنچانے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال میں تمام متعلقہ اداروں کو سڑکوں کی بحالی اور ٹریفک کے لیے متبادل راستوں کی فراہمی یقینی بنانے کی تاکید کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف سے بلاول بھٹو کی قیادت میں وفدکی ملاقات
سیاحوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سفر سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال جاننے کے لیے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن سے رابطہ کریں۔





