پشاور:خیبر پختونخوا حکومت کے اسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے سول سیکرٹریٹ پشاور میں گریڈ 18 کے سینئر سپرنٹنڈنٹ کی 38 نئی آسامیوں کی تخلیق کے حوالے سے محکمہ خزانہ سے مالی تخمینہ طلب کرلیا ہے۔
یہ اقدام آل ایمپلائیز کوآرڈینیشن کونسل کی درخواست پر عمل میں لایا گیا ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے محکمہ خزانہ خیبر پختونخوا کو ایک مراسلہ بھیج دیا ہے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سینئر سپرنٹنڈنٹ (BPS-18) کی 38 آسامیوں کے قیام کے سلسلے میں مالی اثرات کی تفصیلات فوری طور پر فراہم کی جائیں تاکہ اس حوالے سے مزید کارروائی کی جاسکے۔
مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ مذکورہ درخواست آل ایمپلائیز کوآرڈینیشن کونسل، سول سیکرٹریٹ کی جانب سے موصول ہوئی ہے، جس میں ان آسامیوں کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر محکمہ خزانہ ان آسامیوں کے لیے مالی وسائل کی دستیابی کی تصدیق کردیتا ہے تو یہ اقدام سول سیکرٹریٹ میں انتظامی ڈھانچے کو مزید مضبوط اور مؤثر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
یاد رہے کہ مذکورہ مراسلے کی نقل سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ، اسپیشل سیکرٹری، ایڈیشنل سیکرٹری اور ڈپٹی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو بھی ارسال کی گئی ہے۔





