فیض حمید کا کورٹ مارشل اور 14سال قید ہوگی، فیصل واوڈا کا بڑا دعویٰ

اسلام آباد: سینیٹر فیصل واوڈا نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کا کورٹ مارشل کیا جائے گا اور انہیں 14 سال قید کی سزا سنائی جائے گی۔

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے بھارت کے خلاف نہ صرف دفاعی بلکہ سفارتی اور دیگر محاذوں پر بھی کامیاب جنگ لڑی ہے، اور پوری قوم اپنی افواج کے پیچھے کھڑی ہے۔ انہوں نے بھارت کو کم ظرف اور گھٹیا دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی پراکسی وار کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

بلوچستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے واوڈا کا کہنا تھا کہ جو شخص بھی دہشتگردوں کے ظلم کو جائز قرار دے گا، اس کے ساتھ بھی وہی سلوک ہوگا جو دہشتگردوں کے ساتھ کیا جاتا ہے۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ سیاست اب غیر متعلقہ ہوچکی ہے، سیاسی قیادت نے اپنا کردار ادا نہیں کیا۔ انہوں نے آرمی چیف کو “فیلڈ مارشل” قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے قوم کو متحد کیا اور ملک کا پرچم فخر سے لہرایا، جس کا کریڈٹ انہیں دیا جانا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی اس وقت اندرونی خلفشار کا شکار ہے، قیادت یہ طے نہیں کر پارہی کہ پارٹی میں کون مخلص ہے۔ اسٹیبلشمنٹ کا تحریک انصاف سے بات چیت کا کوئی ارادہ نظر نہیں آتا، اور عید کے بعد پی ٹی آئی میں بڑی تبدیلیاں متوقع ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : بلوچستان میں اسکول بس حملے کے بعد خیبرپختونخوا میں سیکورٹی ایڈوائزری جاری

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے تین بڑے مواقع ضائع کیے ہیں، اور اگر غیر سنجیدہ رویہ جاری رہا تو انہیں سیاسی طور پر ختم کر دیا جائے گا۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ پی ٹی آئی کو مفاہمت کی راہ اپنانا ہوگی، ورنہ سیاسی انجام اچھا نہیں ہوگا۔

Scroll to Top