سیاسی برف پگھلنے لگی، حکومت سے مذاکرات کیلئے چیئرمین پی ٹی آئی اور بیرسٹر سیف متحرک

سیاسی برف پگھلنے لگی، حکومت سے مذاکرات کیلئے چیئرمین پی ٹی آئی اور بیرسٹر سیف متحرک

پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کے عمل کو ایک بار پھر تیز کرنے کی کوششیں زور پکڑ گئیں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پارٹی ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف مذاکرات کے لیے متحرک ہیں۔نجی ٹی وی چینل(جیونیوز) کے مطابق پاک بھارت کشیدگی کے باعث پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکراتی عمل کچھ وقت کے لیے رک گیا تھا، تاہم اب دوبارہ اس عمل کو بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے ’’جیو نیوز‘‘ سے گفتگو میں بتایا کہ فی الحال پی ٹی آئی کی جانب سے کسی سے باضابطہ مذاکرات نہیں ہو رہے، مگر بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے کاوشیں جاری ہیں۔

دو روز قبل بھی بیرسٹر سیف نے رات دیر گئے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کی تھی۔ ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں عمران خان نے بیرسٹر سیف کو حکومت کے ساتھ مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھانے کے حوالے سے اہم ہدایات دی تھیں۔

مذاکرات کی بحالی سے سیاسی صورتحال میں نرمی کی توقع کی جا رہی ہے، اور تمام فریقین امن اور استحکام کے لیے کردار ادا کرنے کے لیے تیار دکھائی دیتے ہیں۔

Scroll to Top