پاکستان میں مقیم افغان باشندوں کی وطن واپسی جاری ہے،گزشتہ چوبیس گھنٹے میں مزید غیر قانونی رہائش پذیر چھ سو چونتیس مہاجرین کو ڈی پورٹ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں مقیم افغان باشندوں کی وطن واپسی کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری کردہ تازہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 634 غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کو ملک بدر کر دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق، کل 825 افغان شہریوں کو سرحد پار کروا کر واپس افغانستان بھیجا گیا، جن میں 823 افراد طورخم بارڈر کے ذریعے جبکہ دو افراد انگور اڈہ بارڈر کے ذریعے روانہ کیے گئے۔ ان میں سے 191 افغان مہاجرین وہ تھے جو رجسٹرڈ کے حامل تھے اور انہوں نے رضا کارانہ طور پر وطن واپسی کا فیصلہ کیا۔
حکام کے مطابق، ستمبر 2023 سے جاری وطن واپسی کے اس عمل کے دوران اب تک دو مرحلوں میں افغانستان واپس جانے والے افغان باشندوں کی مجموعی تعداد 5,46,285 ہو چکی ہے۔
حکومت پاکستان کی پالیسی کے تحت غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جن کا مقصد قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا اور مہاجرین کے مسئلے کو منظم طریقے سے حل کرنا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس عمل میں انسانی ہمدردی کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔





