جاری ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز کی کوئی کمی نہیں،انڈومنٹ فنڈ میں 150 ارب روپے موجود ہیں،علی امین گنڈاپور

وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے اعتراف کیا ہے کہ جاری منصوبوں کی تکمیل کے لیے فنڈز کی کوئی کمی نہیں، اس وقت ہمارے خزانے کی صورتحال سب سے اچھی ہے، اس وقت ہمارے انڈومنٹ فنڈ میں 150 ارب روپے کا فنڈ محفوظ پڑا ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے ان خیالات کا اظہارڈی آئی خان ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق منعقدہ اجلاس سےخطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ڈی آئی خان ڈویژن کے مجوزہ منصوبوں پر غور کیا گیا تاکہ انہیں آئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا جا سکے۔ اجلاس میں ڈویژن کے قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین کے علاوہ متعلقہ ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ڈی آئی خان ڈویژن کے چاروں اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ محکموں کی جانب سے اجلاس کے شرکاء کو جاری منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پالیسی ہے کہ آئندہ بجٹ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کو اولین ترجیح دی جائے گی۔ ترقیاتی فنڈز کا زیادہ حصہ ان منصوبوں کے لیے مختص کیا جائے گا جن پر 80 فیصد یا اس سے زائد کام مکمل ہو چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں بڑے منصوبے عوامی ضروریات کی بنیاد پر شامل کیے جائیں گے۔،ہم نے سالانہ ترقیاتی پروگرام کا 13 سالوں کا تھرو فارورڈ کم کرکے 7 سال پر لایا ہے اور آئندہ سال اسے مزید کم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ رواں مالی سال کے دوران صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 550 سے زائد ترقیاتی اسکیمیں مکمل کی گئی ہیں، جب کہ آئندہ سال 600 سے زائد اسکیمیں مکمل کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ جاری منصوبوں کی تکمیل کے لیے فنڈز کی کوئی کمی نہیں، اس وقت ہمارے خزانے کی صورتحال سب سے اچھی ہے، اس وقت ہمارے انڈومنٹ فنڈ میں 150 ارب روپے کا فنڈ محفوظ پڑا ہے،

وزیر اعلیٰ نے منتخب نمائندوں پر زور دیا کہ وہ ترقیاتی پروگرام میں ایسے منصوبے تجویز کریں جن سے زیادہ سے زیادہ آبادی کو فائدہ پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبے حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں اور آئندہ سال ان شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کی جائے گی۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جہاں ضرورت ہو، وہاں کرائے کی عمارتوں میں اسکولز اور کالجز قائم کیے جائیں گے اور پہلے سے قائم مراکز صحت میں سہولیات کی ہمہ وقت دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:پاک بنگلہ دیش ٹی ٹوینٹی سیریز، پی سی بی کا ٹکٹوں کی قیمت کا اعلان

وزیراعلی نے کہاکہ”ہم انفراسٹرکچر سے زیادہ سہولیات اور خدمات کی فراہمی کو ترجیح دے رہے ہیں”

Scroll to Top