دفاعی بجٹ میں اضافہ ناگزیر ہے مگر عوامی مفاد کا خیال رکھا جائے، مشیر وزیراعظم رانا ثنا اللہ

دفاعی بجٹ میں اضافہ ناگزیر ہے مگر عوامی مفاد کا خیال رکھا جائے، مشیر وزیراعظم رانا ثنا اللہ

وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ موجودہ حالات کے پیش نظر دفاعی بجٹ میں اضافہ ناگزیر ہے تاہم یہ اضافہ ایسا نہ ہو جو عوام پر اضافی بوجھ کا سبب بنے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ملک کی سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر تمام ذمہ دار حلقے حتیٰ کہ فیلڈ مارشل بھی اس بات پر متفق ہیں کہ دفاعی بجٹ میں متوازن اضافہ ہونا چاہیے تاکہ قومی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے اور عوام کی مشکلات میں اضافہ نہ ہو۔

انہوں نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں معصوم بچوں کو نشانہ بنانے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ انسانیت کے خلاف جرم ہے، اُنہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف موثر کارروائیاں جاری ہیں جو آئندہ مزید تیز کی جائیں گی۔

رانا ثنا اللہ نے سیاسی مسائل کے حل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جلاؤ گھیراؤ کی سیاست سے کچھ حاصل نہیں ہوگا مسائل کا حل صرف مذاکرات کی میز پر ہی ممکن ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف کا بجٹ پر کوئی دباؤ نہیں، دفاعی بجٹ میں اضافہ اور عوام کو ریلیف دیں گے، احسن اقبال

راناثنا اللہ نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف دو بار پاکستان تحریک انصاف کو مذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں، زیراعظم کا مؤقف ہے کہ اختلافات کو بات چیت سے حل کیا جائے۔

Scroll to Top