ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ بھارت افغانستان کی اشرافیہ کو خرید کر اسے پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے۔ افغان بھائیوں سے اپیل ہے کہ وہ دہشتگردوں کو اپنے ملک میں جگہ نہ دیں اور بھارت کے آلہ کار نہ بنیں۔
انہوں نے یہ بات خیبرپختونخوا کی جامعات کے 2500 سے زائد طلبہ سے ایک خصوصی نشست کے دوران کہی، جس میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے نوجوانوں سے براہِ راست گفتگو کی۔ تقریب کے دوران ماحول جذبہ حب الوطنی سے لبریز تھا، جہاں ہر جانب سبز ہلالی پرچموں کی بہار اور ملی نغموں کی گونج سنائی دی۔
قوم اور فوج ہمیشہ ساتھ ہیں
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے اپنے خطاب میں کہا:
’’اسلام میں حق اور باطل اکٹھے نہیں ہوسکتے۔ کچھ لوگ سمجھتے تھے کہ فوج اور عوام میں فاصلہ ہے، مگر حقیقت یہ ہے کہ قوم اور فوج ہمیشہ ایک ساتھ کھڑی رہی ہے اور رہے گی۔‘‘
ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے یہ گمان کر لیا تھا کہ وہ حملے کرے گا اور پاکستان خاموش رہے گا، لیکن جب وقت آیا تو پوری قوم اور فوج نے مل کر ایک آہنی دیوار کی مانند دشمن کے سامنے کھڑے ہوکر اس کی حکمت عملی کو ناکام بنایا۔
دشمن کو منہ توڑ جواب دیا گیا
ڈی جی آئی ایس پی آر نے انکشاف کیا کہ عسکری قیادت نے فیصلہ کیا تھا کہ ہندوستان کی 26 جگہوں پر بھرپور جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا:
’’مظفرآباد میں 7 سالہ ارتضیٰ جس بریگیڈ ہیڈ کوارٹرز کی جانب سے فائرنگ میں شہید ہوا، ہم نے جواباً اس پورے ہیڈ کوارٹرز کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔‘‘
بھارت کی افغان پالیسی بے نقاب
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے بھارت کے خطے میں کردار پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا:
’’افغانستان ہمارا برادر اسلامی ملک ہے، ہمارا مسئلہ افغان عوام سے نہیں بلکہ ان کی اشرافیہ سے ہے، جنہیں بھارت مالی وسائل سے خریدتا ہے۔ بھارت دہشتگردوں کو پناہ دے کر افغانستان کو پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے۔‘‘
انہوں نے افغان عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا:
’’دہشتگردوں کو اپنی سرزمین پر پناہ نہ دو، اور اس بھارت کا ساتھ مت دو جو کشمیر میں بچیوں کی عزت پامال کرتا ہے۔‘‘
طلبہ کا جوش، وطن سے محبت کا پیغام
تقریب کے دوران طلبہ نے’’پاکستان زندہ باد‘‘، ’’پاک فوج زندہ باد‘‘، اور ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ جیسے فلک شگاف نعروں سے فضا کو گرما دیا۔
پختون طلبہ نے اپنے خطاب میں واضح پیغام دیا کہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو عبرت کا نشان بنا دیا جائے گا۔
آخر میں لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے خود بھی نعرہ لگایا:’’کشمیر بنے گا پاکستان!‘‘