ایف اے ٹی ایف اجلاس، پاکستان گرے لسٹ سے بچ گیا

پاکستان کیخلاف بھارتی سازشیں بے نقاب، دوبارہ FATF گرے لسٹ میں دھکیلنے کی کوششیں

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارت کی کوشش ہے کہ پاکستان کو عالمی مالیاتی معاونت سے محروم کر کے داخلی عدم استحکام کا شکار بنایا جائے اور ملک کی ترقی کو روکا جائے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے خلاف بھارت کی جاری بین الاقوامی سازشیں ایک بار پھر بے نقاب ہو گئی ہیں۔ سفارتی ذرائع اور سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق بھارت نہ صرف پاکستان کی عالمی ساکھ کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہا ہے، بلکہ اسے دوبارہ ایف اے ٹی ایف (فنانشل ایکشن ٹاسک فورس) کی گرے لسٹ میں شامل کروانے کی مہم بھی چلا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نے ایف اے ٹی ایف میں جو ڈوزیئر جمع کروایا ہے، وہ بے بنیاد اور من گھڑت الزامات پر مشتمل ہے، جس کا واحد مقصد پاکستان پر عالمی مالیاتی دباؤ بڑھا کر ترقیاتی منصوبوں کی رفتار کو سست کرنا اور معیشت کو غیر مستحکم بنانا ہے۔

پاکستان کی ترقی بھارت کو ہضم نہیں ہو رہی: مبصرین

سیاسی مبصرین کے مطابق بھارت پاکستان کی اقتصادی بحالی اور عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی پذیرائی سے خائف ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بھارت نے حال ہی میں ورلڈ بینک کی جانب سے پاکستان کے لیے منظور کردہ 20 ارب ڈالر کے ترقیاتی منصوبوں کی شدید مخالفت کی، جس سے اس کے منفی عزائم مزید واضح ہو گئے ہیں۔

بین الاقوامی سطح پر سازشیں، خطے میں بالادستی کی کوشش

ماہرین کے مطابق بھارت اپنی علاقائی بالادستی قائم رکھنے کے لیے طویل عرصے سے مختلف بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کے خلاف منفی مہم چلا رہا ہے۔ یہ تمام کوششیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ بھارت پاکستان کو ایک ابھرتی ہوئی طاقت کے طور پر دیکھنے کے بجائے اسے غیر مستحکم کرنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہے۔

پاکستان کا مؤقف: شفافیت، قانون کی پاسداری، اور امن کی خواہش

ماہرین نے واضح کیا کہ بھارت دنیا کو گمراہ کرنے کی مسلسل کوشش کر رہا ہے، جب کہ پاکستان شفافیت، مالی نظم و ضبط، اور بین الاقوامی قوانین کی مکمل پاسداری کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔

پاکستانی حکام نے عالمی برادری سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ بھارت کے جھوٹے اور گمراہ کن پروپیگنڈے کا شکار نہ ہوں اور خطے میں امن، ترقی اور تعاون کے فروغ کے لیے پاکستان کے سنجیدہ اور مثبت اقدامات کو تسلیم کریں۔

Scroll to Top