وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خضدار میں سکول بس پر حملے میں شہید ہونے والی طالبات شیما ابراہیم اور مسکان کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم بچوں کا خون پوری قوم پر قرض ہے اور اس قرض کو فتنہ الہندوستان کا مکمل خاتمہ کر کے اتاریں گے۔
انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشتگردوں کا ہر جگہ پیچھا کیا جائے گا اور انہیں چن چن کر نشانہ بنایا جائے گا، ان کے آلہ کاروں کو پاکستان میں کہیں بھی پناہ نہیں ملے گی۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں میں مزید شدت لائی جائے گی تاکہ آئندہ کسی کو بے گناہ بچوں کا خون بہانے کی جرأت نہ ہو۔
محسن نقوی نے کہا کہ شہید بچوں کے اہلِ خانہ ہمارے سر کا تاج ہیں ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، پوری قوم شہید بچوں کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: فتنہ الہندوستان خضدار میں بچوں کی شہادتوں میں ملوث ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر کی سیکرٹری داخلہ کے ہمراہ نیوز کانفرنس
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید طالبات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانی نے قوم کو یکجا کر دیا ہے اور دہشتگردی کے خلاف ہماری جدوجہد کو مزید تقویت ملی ہے۔