ریلیف کی نوید!یکم جون سے پیٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کا امکان

ریلیف کی نوید!یکم جون سے پیٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کا امکان

ملک میں یکم جون سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس سے مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کیلئے کچھ ریلیف میسر آ سکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل ’’ہم نیوز‘‘ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس کمی کی بنیادی وجہ یہ خدشہ ہے کہ اوپیک پلس تنظیم 31 مئی کو ہونے والی اپنی آئندہ میٹنگ میں تیل کی پیداوار میں اضافے کا فیصلہ کر سکتی ہے، جس سے مارکیٹ میں سپلائی بڑھنے اور قیمتوں میں مزید کمی کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق،برنٹ کروڈ آئل 12 سینٹ یا 0.19 فیصد کمی کے بعد 64.62 ڈالر فی بیرل پر آ گیا ہے۔

جبکہ یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ (WTI) 15 سینٹ یا 0.24 فیصد کمی کے ساتھ 61.38 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر قیمتوں میں ہونے والی یہ کمی حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا موقع فراہم کر سکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت یکم جون سے پیٹرول، ڈیزل اور دیگر مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے، تاکہ عوام کو ممکنہ ریلیف دیا جا سکے۔

واضح رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ صرف ٹرانسپورٹ اور روزمرہ اشیاء کی لاگت پر اثر ڈالتی ہے، بلکہ مجموعی طور پر مہنگائی میں کمی کی امید بھی پیدا کرتی ہے۔

Scroll to Top