فیصل کریم کنڈی نے خیبر پختونخوا حکومت پر کرپشن کے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’’خیبر پختونخوا اس وقت چوروں کے قبضے میں ہے، جہاں کرپشن عروج پر ہے۔‘‘
تفصیلات کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے حالیہ بیانات کو ریاستی وحدت اور آئینی تقاضوں کے منافی قرار دیتے ہوئے ان پر کڑی تنقید کی ہے۔جاری کردہ بیان میں گورنر کا کہنا تھا کہ ’’ریاست کے خلاف زبان استعمال کرنے والا شخص عوامی نمائندگی کا اہل نہیں ہو سکتا۔ ایسے عناصر جمہوری اقدار کو مجروح کر رہے ہیں‘‘
انہوں نے انکشاف کیا کہ کوہستان میں 40 ارب روپے کے اسکینڈل پر تاحال کوئی انکوائری نہیں کی گئی، جبکہ صوبے میں سولر منصوبے کرپشن کے گڑھ بن چکے ہیں۔
گورنر نے صوبائی حکومت کے رویے کو فسطائیت سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ ’’پُرامن مظاہرین پر لاٹھی چارج اور شیلنگ آمریت کی بدترین مثال ہے، جو کسی جمہوری معاشرے میں ناقابلِ قبول ہے۔‘‘
فیصل کریم کنڈی کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وفاق اور خیبر پختونخوا حکومت کے درمیان تناؤ بڑھتا جا رہا ہے، اور سیاسی ماحول مزید کشیدہ ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔