محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبر پختونخوا نے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے ایک اہم اور احسن قدم اٹھاتے ہوئے صوبے کی جامعات اور کالجز کی کارکردگی کی بنیاد پر درجہ بندی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس سلسلے میں باضابطہ طور پر پانچ، پانچ اراکین پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں جو متعلقہ اداروں کی کارکردگی کا جامع جائزہ لیں گی۔ حکام کے مطابق کمیٹیاں ہر ادارے کے مختلف پہلوؤں، جیسے تدریسی معیار، طلبہ کی کارکردگی، تحقیق، اور انتظامی نظم و ضبط کا تفصیلی جائزہ لیں گی۔
ان کمیٹیوں کی جانب سے مرتب کردہ رپورٹس کو حتمی شکل دے کر درجہ بندی کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ اس درجہ بندی کی بنیاد پر اداروں کو ان کی کارکردگی کے مطابق جزا یا سزا دی جائے گی۔
محکمہ تعلیم کے مطابق اس اقدام کا مقصد تعلیمی نظام میں شفافیت، کارکردگی اور احتساب کو فروغ دینا ہے تاکہ طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔