وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا ہے کہ 28 مئی کا دن پاکستان کی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور یہی دن ہے جب ملک نے اپنی خودمختاری کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔
تفصیلات کے مطابق یومِ تکبیر کی مناسبت سے پشاور میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما امیر مقام نے کہا کہ سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کے جرات مندانہ فیصلے کی بدولت پاکستان نے بھارت کے 5 ایٹمی دھماکوں کے جواب میں 6 ایٹمی دھماکے کر کے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ وطن عزیز اپنی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں آج شام یومِ تکبیر کے حوالے سے ایک عظیم الشان جلسہ منعقد کیا جا رہا ہے تاکہ دنیا کو یہ باور کروایا جا سکے کہ پاکستان نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ اسلامی دنیا کی واحد ایٹمی طاقت ہے، اور اس حیثیت کا دفاع کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے 10 مئی کو دشمن کو عبرتناک شکست سے دوچار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ اور بحریہ نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا اور عسکری قیادت نے ثابت کر دیا کہ پاکستان کی فوج دنیا کی بہترین فورس ہے۔
امیر مقام نے کہا کہ شہباز شریف کی قیادت میں قوم نے متحد ہو کر ہر میدان میں دشمن کا مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی رہی اور یہی قومی یکجہتی ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔
انہوں نے یومِ تکبیر کو پاکستان کی قومی خودمختاری، قومی وقار اور جرات و استقامت کی علامت قرار دیتے ہوئے اسے نسلِ نو کے لیے ایک تاریخی سبق قرار دیا۔