پاکستان اور ایران کازائرین کیلئے بارڈر 24گھنٹے کھلا رکھنے کا فیصلہ

پاکستان اور ایران کازائرین کیلئے بارڈر 24گھنٹے کھلا رکھنے کا فیصلہ

پاکستان اور ایران نے زائرین کیلئے اربعین اور محرم الحرام کے دوران بارڈر 24 گھنٹے کھلا رکھنے کا اہم فیصلہ کر لیا

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ایران نے اربعین اور محرم الحرام کے موقع پر زائرین کی سہولت کو یقینی بنانے کے لیے پاک ایران سرحد کو 24 گھنٹے کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ایران کے ہم منصب اسکندر مومنی سے ملاقات کے دوران کیا گیا۔

ملاقات میں دونوں وزرائے داخلہ نے زائرین کی سہولت اور ان کے مسائل کے فوری حل کے لیے ہاٹ لائن کے قیام پر اتفاق کیا، تاکہ کسی بھی مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جا سکے۔ علاوہ ازیں اربعین سے قبل مشہد میں پاکستان، ایران اور عراق کی وزارت داخلہ کی سہ ملکی کانفرنس منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ زائرین کے معاملات کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

ایران کے وزیر داخلہ نے اعلان کیا کہ ایرانی حکومت 5 ہزار پاکستانی زائرین کو مشہد میں قیام و طعام کی خصوصی سہولیات فراہم کرے گی اور بارڈر سے عراق تک خصوصی انتظامات کیے جائیں گے تاکہ زائرین کا سفر آسان اور محفوظ ہو۔

ملاقات میں پاک ایران تعلقات اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر بھی گفتگو ہوئی۔ ایران کے وزیر داخلہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بہترین تعلقات قائم ہیں اور پاکستان کی سلامتی ان کے لیے سب سے اہم ہے۔ دوسری جانب، وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی حکومت کی طرف سے زائرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہاٹ لائن سے مسائل کے فوری حل میں مدد ملے گی۔

یہ فیصلہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے دوستانہ تعلقات اور مذہبی بھائی چارے کو مزید مضبوط بنانے کا عکاس ہے، جو خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک مثبت قدم تصور کیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top