بی آر ٹی کا بوجھ بڑھنے لگا، خیبرپختونخوا حکومت کو سالانہ 4 ارب کا نقصان

بی آر ٹی کا بوجھ بڑھنے لگا، خیبرپختونخوا حکومت کو سالانہ 4 ارب کا نقصان

خیبرپختونخوا حکومت کے فلیگ شپ پراجیکٹ بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) کو رواں مالی سال کے دوران 4 ارب 20 کروڑ روپے کی سبسڈی دی جائے گی

نجی ٹی وی چینل(دنیا ) کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کے فلیگ شپ پراجیکٹ بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) کو رواں مالی سال کے دوران 4 ارب 20 کروڑ روپے کی سبسڈی دی جائے گی، جبکہ گزشتہ مالی سال میں اس منصوبے کا خسارہ 6 ارب 25 کروڑ روپے تک جا پہنچا تھا۔

محکمہ خزانہ کی رپورٹ کے مطابق، بی آر ٹی سسٹم کو مسلسل مالی خسارے کا سامنا ہے، تاہم کرایوں میں فی اسٹاپ 5 روپے اضافہ کیے جانے کے بعد خسارے میں تقریباً 2 ارب روپے کی کمی واقع ہوئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد سسٹم کو زیادہ پائیدار بنانا اور حکومتی سبسڈی کے بوجھ کو کم کرنا ہے۔

مزید برآں، بی آر ٹی کی سروس کو بہتر بنانے کے لیے اگلے مالی سال کے دوران چین سے مزید 50 نئی بسیں خریدنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان نئی بسوں کی شمولیت سے نظام کی کارکردگی اور مسافروں کو سہولت میں مزید بہتری آئے گی۔

خیال رہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے بی آر ٹی کو شہری نقل و حمل کا انقلابی منصوبہ قرار دیا تھا، تاہم اس کے بڑھتے ہوئے سالانہ اخراجات اور مالی خسارہ حکومتی پالیسیوں پر سوالیہ نشان بن چکا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بی آر ٹی جیسے بڑے منصوبوں کی مالی پائیداری کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اصلاحات ناگزیر ہیں۔

Scroll to Top