معرکہ حق میں ناکامی کی ہزیمت چھپانے کے لیے بھارت نے اپنی پراکسیز کا بے دریغ دوبارہ استعمال شروع کر دیا، بلوچستان میں بھارتی سرکردہ فتنہ الہندوستان معصوم بلوچوں، بچوں اور خواتین کو نشانہ بنانے لگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت منظم منصوبے کے تحت اسپانسرڈ دہشت گردوں سے بلوچستان میں حملے کروا رہا ہے۔ مزدوروں کا ناحق قتل، جعفر ایکسپریس ٹرین، اے پی ایس بس، خضدار اور سوراب حملے اسی سلسلے کی کڑیاں ہیں۔
فتنہ الہندوستان کے ہر حملے کے بعد بھارتی میڈیا پر وار فیئر مہم شروع ہو جاتی ہے۔ بھارتی میڈیا ان حملوں کو خوب اچھالتا ہے، اور بھارتی سوشل میڈیا ان خبروں کو حملے سے پہلے اور بعد میں بھرپور انداز میں پھیلاتا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی “را” سے منسلک سوشل میڈیا اکاؤنٹس ان حملوں کے دوران پوری طرح متحرک نظر آتے ہیں۔ جعفر ایکسپریس حملے کے بعد بھارتی میڈیا نے جعلی اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کردہ ویڈیوز بھی چلائیں۔
یہ تمام شواہد اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ فتنہ الہندوستان کے حملے بھارتی ریاستی سطح کی منظم منصوبہ بندی کا نتیجہ ہیں۔ ذرائع کے مطابق بھارتی میڈیا کا ہر حملے پر پروپیگنڈا دہشت گردوں کے بیانیے کو تقویت دیتا ہے۔