بلاول بھٹو سفارتی مشن پر نیویارک پہنچ گئے، پاکستانی وفد اہم عالمی ملاقاتیں کرے گا

بلاول بھٹو سفارتی مشن پر نیویارک پہنچ گئے، پاکستانی وفد اہم عالمی ملاقاتیں کرے گا

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سفارتی مشن پر نیویارک پہنچ گئے۔

بلاول بھٹو اس دورے میں وزیراعظم کی تشکیل کردہ خصوصی سفارتی کمیٹی کی قیادت کرتے ہوئے امریکی حکام اور اقوام متحدہ کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے۔

پارلیمانی وفد میں سینیٹر شیری رحمان، حنا ربانی کھر، سینیٹر مصدق ملک، خرم دستگیر، اور بشریٰ انجم بٹ شامل ہیں، جب کہ سینئر سفارت کار تہمینہ جنجوعہ اور سابق سفیر جلیل عباس جیلانی بھی وفد کا حصہ ہیں۔ وفد کے دیگر اراکین کل نیویارک پہنچیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری 2 جون سے امریکی حکام سے باضابطہ ملاقاتوں کا آغاز کریں گے، دورے کے دوران وفد کی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس اور جنرل اسمبلی کے صدر سے بھی اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔

یہ خصوصی سفارتی کمیٹی وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر تشکیل دی گئی ہے جس کا مقصد عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنا اور بین الاقوامی سفارتی حمایت کو مستحکم بنانا ہے۔

دورے کے دوران پاکستانی وفد خطے میں سلامتی کو درپیش خطرات، خصوصاً سندھ طاس معاہدے کی معطلی اور اس کے ممکنہ اثرات پر عالمی برادری کو آگاہ کرے گا، اس کے علاوہ پاک بھارت تناؤ کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف کو بھی بھرپور انداز میں پیش کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں تمام دہشت گرد تنظیموں کو فتنہ الہندوستان کا نام دے دیا گیا

وفد کا اگلا مرحلہ یورپ کا دورہ ہوگا جہاں یورپی حکام، پالیسی ساز اداروں اور تھنک ٹینکس سے مشاورتی اجلاس اور ملاقاتیں شیڈول ہیں۔

Scroll to Top