محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ملک کے بالائی علاقوں میں 3 سے 5 جون کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے، جبکہ عیدالاضحیٰ کے دوران میدانی علاقے شدید گرمی اور خشک موسم کی لپیٹ میں رہیں گے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں آندھی، گرج چمک اور بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ بالخصوص چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، کرک، بنوں، لکی مروت اور کوہاٹ میں موسلادھار بارش کے ساتھ موسم خوشگوار ہونے کی توقع ہے۔
3سے 6 جون کے دوران خیبرپختونخوا کے شمالی اضلاع جیسے مالاکنڈ، کرم اور ایبٹ آباد میں بھی الگ تھلگ آندھی اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے میدانی علاقے شدید گرمی اور خشک موسم کا سامنا کریں گے، جس کے دوران درجہ حرارت میں غیرمعمولی اضافہ ہوسکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید گرمی کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دھوپ میں نکلتے وقت احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
ماہرین صحت نے بھی عوام کو مشورہ دیا ہے کہ گرمی سے بچاؤ کے لیے خود کو ہائیڈریٹ رکھیں، دھوپ سے بچاؤ کے اقدامات کریں اور بزرگوں، بچوں اور بیمار افراد کو خاص طور پر محفوظ رکھا جائے۔