ٓآج سورج خانہ کعبہ کے عین اوپر ہوگا

مناسک حج کا آج سے آغاز، دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمینِ ظہر سے پہلے منیٰ پہنچیں گے

مکہ مکرمہ: مناسک حج کا آج سے باضابطہ آغاز ہو رہا ہے جہاں دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمینِ حج ظہر سے قبل منیٰ پہنچ کر جمعرات کی صبح تک وہاں قیام کریں گے اور اپنی عبادات انجام دیں گے۔

عازمین حج آج اپنی رہائش گاہ سے احرام باندھ کر دو رکعت نفل ادا کرنے کے بعد منیٰ کے لیے روانہ ہوں گے اور منیٰ میں ظہر، عصر، مغرب اور عشاء کی نمازیں ادا کریں گے۔

9 ذوالحجہ کو عازمین حج حج کے اہم رکن وقوف عرفات کے لیے میدان عرفات جائیں گے جہاں خطبہ حج سننے کے بعد ظہر اور عصر کی نمازیں ادا کی جائیں گی۔ حجاج کرام سورج غروب ہونے تک میدان عرفات میں قیام کریں گے اور اذان مغرب کے بعد بغیر نماز پڑھے مزدلفہ کی جانب روانہ ہوں گے۔

مزدلفہ میں مغرب اور عشاء کی نمازیں جمع پڑھیں گے اور شیطان کو مارنے کے لیے کنکریاں جمع کریں گے۔ یہاں کھلے آسمان تلے رات گزارنے کے بعد 10 ذوالحجہ کو رمی کے لیے روانہ ہوں گے۔

حجاج کرام بڑے شیطان کو سات کنکریاں ماریں گے، قربانی کریں گے اور حلق کر کے احرام کھول دیں گے۔ 11 ذوالحجہ کو چھوٹے، درمیانے اور بڑے شیطان کو سات سات کنکریاں ماری جائیں گی، اس کے بعد طواف زیارت اور صفا مروہ کی سعی کی جائے گی۔ 12 ذوالحجہ کو تینوں شیطانوں کو دوبارہ کنکریاں ماریں گی اور 13 ذوالحجہ کو حجاج کرام رمی جمرات کے بعد منیٰ سے اپنی رہائش گاہ روانہ ہو جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : ادویات اسکینڈل کے نام پر لوٹ مار، خیبرپختونخوا حکومت نے پردہ چاک کر دیا

وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق پاکستانی عازمین حج کے لیے سعودی سرکاری کمپنی سے 442 بسیں فراہم کی گئی ہیں جبکہ پاکستان حج مشن نے نجی کمپنی سے 510 اضافی بسیں بھی حاصل کی ہیں۔

مشاعر کے دوران مجموعی طور پر 25,861 پاکستانی عازمین بسوں کے ذریعے اور 62 ہزار ٹرین کے ذریعے سفر کریں گے۔جمعرات سے حرم شریف کے لیے پیدل چار کلومیٹر کا راستہ سرنگوں کے ذریعے طے کیا جائے گا اور سعودی شٹل سروس بھی دستیاب ہوگی تاکہ عازمین کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

Scroll to Top