قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) کا اہم اجلاس آج سہ پہر 3 بجے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس میں آئندہ مالی سال 2025-2026 کے قومی ترقیاتی بجٹ اور میکرو اکنامک اہداف کی منظوری دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاقی و صوبائی حکومتوں کے نمائندے، چاروں وزرائے اعلیٰ، وزرائے خزانہ اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام شریک ہوں گے۔ اجلاس میں قومی ترقیاتی پلان، پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) اور مختلف معاشی و سماجی شعبہ جات کے اہداف پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ آئندہ مالی سال کے لیے قومی ترقیاتی بجٹ 4000 ارب روپے تک رکھنے کی تجویز زیر غور ہے، جبکہ پی ایس ڈی پی کے تحت 1000 ارب روپے مختص کیے جانے کا امکان ہے۔
اجلاس میں میکرو اکنامک فریم ورک کی بھی منظوری دی جائے گی، جس میں درج ذیل اہم اشاریے شامل ہوں گے:
معاشی شرح نمو (GDP Growth)
مہنگائی کی رفتار (Inflation Rate)
برآمدات و درآمدات
مالیاتی خسارہ
ٹیکس محصولات (Revenue Targets)
اس کے علاوہ زراعت، صنعت، خدمات، توانائی، بنیادی ڈھانچے اور سماجی ترقی سے متعلق اہم منصوبوں پر بھی گفتگو کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملکی معیشت کو درپیش چیلنجز، مالیاتی استحکام، سرمایہ کاری میں اضافے اور وفاق و صوبوں کے ترقیاتی منصوبوں میں ہم آہنگی پر بھی تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔
متوقع ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اجلاس کے دوران موجودہ معاشی صورتحال پر روشنی ڈالیں گے اور اس بات پر زور دیں گے کہ ترقیاتی حکمتِ عملی کو معاشی بہتری و پائیدار نمو سے مشروط کیا جائے